پاکستان، نیوزی لینڈ میچ کے دوران بارش ہو بھی گئی تو کھیل متاثر نہیں ہو گا، چنا سوامی سٹیڈیم بنگلورو میں نیا نظام نصب کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا آمنا سامنا ہوگا، شیڈیول کے مطابق میچ ساڑھے10 بجے شروع ہوگا البتہ ہفتے کی دوپہر بنگلورو میں بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلئے نیوزی لینڈ سے بڑے مارج سے جیت کی ضرورت ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق چنا سوامی سٹیڈیم بنگلورو میں نیا نظام نصب کر دیا گیا ہے جس کی بدولت اگر پاکستان، نیوزی لینڈ میچ کے دوران بارش ہو بھی گئی تو کھیل متاثر نہیں ہو گا۔ اگر بارش ہوئی تو چنا سوامی سٹیڈیم میں نصب سب ایئر سسٹم خودکار انداز میں متحرک ہو جائے گا جس سے میدان میں پانی کھڑا نہیں ہو سکے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ نیا نظام بارش رکنے کے بعد 15 سے 20 منٹ میں گراونڈ کو اس قابل بنا دے گا کہ میچ دوبارہ شروع ہو سکے۔ سب ایئر سسٹم ایک منٹ میں 10 ہزار لیٹر پانی خارج کرتا ہے جو قدرتی نکاسی سے 36 گنا تیزی سے اخراج کا عمل انجام دیتا ہے۔