معروف بھارتی کمنٹیٹر اور کرکٹ تجزیہ کار ہرشا بھوگلے نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں مسائل کا ذمہ دار لاہور قلندرز فرنچائز کو قرار دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہرشا بھوگلے نے بھارتی سپورٹس میڈیا سائٹ کرک بزز کو انٹرویو دیا ہے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مسائل کی وجہ لاہور قلندرز ہے، لاہور قلندرز کی فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں کافی بااثر ہے۔
ہرشا بھوگلے نے کہا کہ لاہور قلندرز کے بااثر ہونے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم میں تنازعات جنم لے رہے ہیں، ہمیں نطر آتا ہے کہ قیادت کا شور کہاں سے آرہا ہے۔ انہوں نے بطور کپتان شاہین آفریدی کے انتخاب پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انجریز کی وجہ سے ان کیلئے قیادت بوجھ بن سکتی ہے۔ گرین شرٹس کے ممکنہ کپتان کے طور پر شاہین شاہ آفریدی کا نام بہت زیادہ لیا جا رہا ہے اور وہ لاہور قلندرز کو ٹائٹل بھی جتوا چکے ہیں، جس نے انکی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا لیکن انکی انجریز تشویش کا باعث ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی سپنرز کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بدترین قرار دیدیا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق ورلڈ کپ 2023 میں شریک تمام ٹیمز کے سپنرز میں پاکستانی سپنرز کی کارکردگی بدترین رہی۔ پاکستانی سپنرز 92 رنز فی وکٹ کی اوسط سے صرف 8 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی گزشتہ کئی سالوں سے سب سے بڑی طاقت اس کی باؤلنگ رہی ہے تاہم کرکٹ کے سب سے بڑے دنگل میں پاکستانی باؤلنگ زیادہ اچھا پرفارم نہیں کر سکی۔ نسیم شاہ کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے ساری ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی کے کاندھوں پر ہے جو کہ وہ بہت اچھے انداز میں نبھا بھی رہے ہیں البتہ سپنرز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔