پٹرول سستا ہونے کی امید لگائے عوام کیلئے مایوس کن خبر ہے۔ حکومت نے آج رات پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے امکانات سے متعلق وضاحت کر دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ڈالر کی قیمت بھی بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان بہت کم ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل منڈی میں خام تیل کی اوسط قیمت 90.88 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ ملک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت اضافے کے بعد 281 روپے سے زائد ہوچکی ہے، اس وجہ سے ایکسچینج ریٹ اور عالمی منڈی کے حالات کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل خبر آئی تھی کہ آج رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے آج سمری پر دستخط کیے جانےکا امکان ہے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔ بتایا گیا تھا کہ اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر وزارت پیٹرولیم اور خزانہ ردو بدل کرکے وزیراعظم کو بھیجیں گے جس پر انوار الحق کاکڑ حتمی فیصلہ کریں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان 31 اکتوبر کی رات 12 بجے کیا جائے گا۔