پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے استعفیٰ دینے کی وجہ بتا دی ہے۔ انضمام الحق نے کہا ہے کہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفی دینا بہتر سمجھا۔ مجھ پر الزامات لگنے کے بعد میں نے پی سی بی سے بات کی تھی، مین نے بورڈ کو کہا تھا کہ آپ کو مجھ پر کوئی شک ہے تو انکوائری کر لیں، میں دستیاب ہوں۔
انضمام الحق نے کہا کہ میرا کھلاڑیوں کی ایجنٹ کمپنی کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔ مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی۔ اس پر میں نے بورڈ کو کہا کہ جب تک کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے تب تک میں عہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیزیں واضح ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل خبر آئی تھی کہ انضمام الحق کھلاڑیوں کی ایجنٹ کی کمپنی کے شیئرہولڈر ہیں، محمد رضوان بھی کمپنی کے مالکان میں شامل ہیں جبکہ انضمام الحق نے ہی کھلاڑیوں سے مذاکرات کر کے انہیں تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی کی آمدنی سے بھی شیئر دلایا تھا جبکہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں بھی 202 فیصد تک اضافہ کرایا تھا۔