یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں خان تیل کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی ہے۔ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی ہوئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان مین ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہو رہی ہے جس کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ ذرائع اوگرا کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 20روپے اورہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 16روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر وزارت پیٹرولیم اور خزانہ ردو بدل کرکے وزیراعظم کو بھیجیں گے جس پر انوار الحق کاکڑ حتمی فیصلہ کریں گے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان 31 اکتوبر کی رات کیا جائے گا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں بھی سونے کے بھاؤ بڑھ گئے ہیں۔ ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ صرافہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 300 ہو گئی ہے جبکہ صرافہ مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 1714 روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 82 ہزار پر پہنچ گئی ہے۔ خیال رہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 20 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا ہے جس بعد فی اونس سونے کی قیمت 2006 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔ ڈالر کے ریٹ میں کمی کے باوجود سونے کی قیمت میں اضافہ عالمی منڈی میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے ہوا ہے۔