ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کم ہو گئے، بیرونی ادائیگیوں کے باعث ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 21 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 20 اکتوبر تک زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مجموعی مالیت 7 ارب 49 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی،کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 3 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی،کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 16 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں جبکہ زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر 12 ارب 65 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی سطح پر ہیں۔
دوسری جانب وپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے اور ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد اس وقت اوپن مارکیٹ میں ڈالر 282 روپے کے ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔ البتہ انٹربینک میں آج صبح ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور 10 پیسے گراوٹ کے بعد ڈالر 279 روپے 78 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں بھی 100 انڈیکس کے پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے۔ آج جب کاروبار شروع ہوا تو 100 انڈیکس 51 ہزار 177 پوائنٹس پر تھا جس میں کچھ ہی دیر میں 271 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 51 ہزار 449 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔