پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے تازہ انٹرویو پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدرِمملکت کا نجی ٹی وی کو انٹرویو ملکی حالات کا ایک بے لاگ مگر جامع جائزہ ہے اور ملک میں جاری سیاسی اور آئینی بحران کے حل کی ضرورت و اہمیّت اجاگر کرتا ہے، سربراہِ مملکت کی گفتگو میں خصوصاً صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی ناگزیریت کے حوالے سے قومی امنگوں کی بازگشت خوش آئند ہے، چیئرمین تحریک انصاف کی مالی دیانت اور حبّ الوطنی پر صدرِ مملکت کی غیرمبہم شہادت قوم کے عمران خان پر اعتماد کی حقیقت کی آئینہ دار ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پاکستان کے پیچیدہ سیاسی، قانونی، عدالتی اور معاشی بحرانوں کا حل بلاشبہ دستور کی بالادستی اور احترام میں پوشیدہ ہے، صاف شفاف انتخابات ملک میں جمہوریت کے بقا و تسلسل کی کنجی اور پارلیمان کی ساکھ و حیثیت کے تحفظ کے ضامن ہیں، انتخابات میں شرکت کے خواہاں تمام سیاسی گروہوں/جماعتوں کیلئے انتخابی مہم، سیاسی سرگرمیوں اور ابلاغ و نشریات کے یکساں مواقع (لیول پلیئنگ فیلڈ) کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا تصور ہی نامکمل ہے، صدرِ مملکت کیطرح ریاست کے تمام اداروں کو دستور کی منشا اور حکم کی روشنی میں آزادانہ، منصفانہ اور بروقت انتخابات کی اہمیّت کا اعتراف کرنا ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا ہے کہ صدرِمملکت کیطرح قوم بھی انتخاب سمیت تمام ریاستی و حکومتی امور میں دستور کی فرمانروائی کیلئے عدالتِ عظمیٰ کی جانب دیکھتی ہے، جبری گمشدگیوں اور طاقت کے بل پر سیاسی وابستگیوں کی تبدیلی کے جاری سلسلے کے ریاست، سیاست اور سماج پر تباہ کن اثرات کا احساس بھی نہایت اہم ہے، دستور کے انحراف کی روایت پر اصرار اور جبر اور طاقت کے غیرقانونی و غیراخلاقی استعمال سے کشیدگی کو ہوا دینے کی بجائے ریاست صدرِمملکت کی گفتگو کی روشنی میں بحرانوں کے حل کی بامعنی تدبیر کرے۔