برائلرگوشت کی قیمت میں12 روپے کلو کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت میں 12روپے کمی ہوئی ہے جس کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 441روپے فی کلو ہو گئی ہے، اس کے ساتھ ہی زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 8روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد زندہ برائلر مرغی کی قیمت 294 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ شہر میں فارمی انڈوں کی قیمت 324 روپے فی درجن پر مستحکم ہے۔
دوسری جانب آٹے کی قیمت میں 150 روپے فی تھیلا کمی ہوگئی ہے جس کے بعد آٹا نئی قیمت 2 ہزار 7 سو روپے فی تھیلا میں فروخت ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کے بعد گاڑیوں کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جس کے ثمرات عام عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
لاہور میں گندم کی قیمت میں کمی کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب فلوملز ایسویشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں 200 روپے تک کمی ہوئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں گندم کی نئی قیمت 4 ہزار 425 روپے ہوگئی ہے, گندم کی قیمت کم ہونے کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 150 روپے کی کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں آٹا 2 ہزار 7 سو روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔