افغان حکومت نے 18 کروڑ سے زائد کرنسی نوٹ جلا دیے۔ مختلف حکومتی اداروں کی مدد سے جمع کیے گئے 18 کروڑ 4 لاکھ سے زائد پرانے افغانی نوٹ جلا دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان حکومت نے وزارت خزانہ اور وزارت انصاف سمیت متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک بھر سے جمع کیے گئے پرانے افغان کرنسی نوٹ قانون کے آرٹیکل 39 اور آرٹیکل 42 کی بنیاد پر جلا دیے۔ ذرائع کے مطابق پہلے قندھار میں کرنسی نوٹوں کی گنتی کی گئی پھر انہیں جلا دیا گیا۔
اس حوالے سے نائب صدر بینک آف افغانستان نور احمد آغا کا کہنا ہے کہ نوٹوں کی حفاظت کا خیال رکھنا تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے، چکنائی والے ہاتھوں سے پیسے گننے اور کارڈ کا استعمال نہ کرنے سے نوٹ تیزی سے متروک ہو جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان میں مقیم افراد تجارتی لین دین کے دوران نوٹوں کی حفاظت پر توجہ دیں اور انکی حفاظت کریں۔
دوسری جانب افغان کرنسی جو کہ افغانی کہلاتی ہے وہ مزید مضبوبط ہوتی جا رہی ہے۔ انٹربینک میں ایک افغانی 3 روپے 75 پیسے پر تریڈ ہو رہا ہے اور افغانستان میں حالات کی بہتری کے ساتھ ساتھ افغانی مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔