شہر میں ضرویارت زندگی میں سے ایک گندم کی قیمت میں مزید کمی ہونے کے بعد آٹے کی قیمت میں 150 روپے فی تھیلا کمی ہوگئی ہے جس کے بعد آٹا نئی قیمت 2 ہزار 7 سو روپے فی تھیلا میں فروخت ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کے بعد گاڑیوں کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جس کے ثمرات عام عوام کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
لاہور میں گندم کی قیمت میں کمی کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب فلوملز ایسویشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں 200 روپے تک کمی ہوئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں گندم کی نئی قیمت 4 ہزار 425 روپے ہوگئی ہے, گندم کی قیمت کم ہونے کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 150 روپے کی کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد مارکیٹ میں آٹا 2 ہزار 7 سو روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔
دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا، چینی دستیاب ہوتے ہی سبسڈائزڈ چینی کی قیمت بھی بڑھا دی گئی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی سٹور پر چینی 155 روپے فی کلو فروخت ہونے لگی ہے، اس سے قبل چینی 147 روپے فی کلو میں دستیاب تھی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کو سبسڈائزڈ چینی 101 روپے فی کلو میں دستیاب تھی۔ اس کی قیمت بھی 8 روپے بڑھ کر 109 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔