کوئٹہ(ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
مستونگ کے ڈپٹی کمشنر محمد الیاس کے مطابق حملہ ولی خان بائی پاس پر ہوا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے مستونگ جانے والی دو کاروں پر فائرنگ کی۔
مقامی قبائلی رہنما سردار زادہ میر محمد خان اور ان کے دو سیکورٹی گارڈ محمد سلیم اور محمد یحییٰ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو دم توڑ گئے۔
سردار زادہ میر محمد خان پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما تھے۔
ان نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
بلوچستان کو حالیہ مہینوں میں کئی دہشت گردانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اتوار کوبھی ضلع ہرنائی میں کوئلے کے تین کان کنوں کو ایک حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔