اسلام آباد(ویب ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج (بدھ) کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہورہا ہے۔
اجلاس دوپہر 12.00 بجے شروع ہوا اور اس میں اہم قانون سازی بشمول انتخابات (ترمیمی) بل 2021 اور دیگر پر غور کیا جائے گا۔
یہ انتخابی اصلاحات بل سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے ساتھ ساتھ انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تازہ حفاظتی اقدامات، وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اس کے علاوہ پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز کے درمیان شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔
علاوہ ازیں ارکان پارلیمنٹ کے سکیورٹی گارڈز کے ایوان کے احاطے میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت آج بلائے گئے اجلاس سے 22 بلوں کو منظور کرانے کے لیے بھی تیار ہے کیونکہ اپوزیشن بھی ٹریژری بنچوں کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری کر رہی ہے۔
مشترکہ اجلاس میں جو بل پیش کیے جائیں گے وہ انتخابی اصلاحات، ای وی ایم اور سمندر پار پاکستانیوں کے حق رائے دہی سے متعلق ہیں۔ اس معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ 8 دیگر بلز جن کا سینیٹ کے ذریعے جانا مشکل تھا، بھی منظوری کے لیے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔