اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ہفتہ کو ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
باخبر ذرائع نے بتایا کہ ٹیلی فون کال کے دوران، دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت والی حکومت کو مزید وقت دینا عوام اور ملک کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے احتجاجی منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا اور اپوزیشن کے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ پر تبادلہ خیال کیا۔ لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ ان کی پارٹی پی ڈی ایم کے فیصلے کی حمایت کرے گی۔
اپوزیشن مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی
17 اکتوبر کو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر اپوزیشن ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔
انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم کے اراکین کے ساتھ غیر رسمی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "جیسے ہی ہم عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات سے فارغ ہوں گے، ہم مہنگائی کے خلاف بھرپور مہم شروع کر دیں گے۔”
ذرائع نے بتایا ہے کہ ، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود اچکزئی اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل اویس نورانی نے اجلاس میں شرکت کی، جہاں رہنماؤں نے وفاقی حکومت کے خلاف مہم چلانے پر مشاورت کی۔ ۔
فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ احتجاج اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں۔